راولپنڈی، 29 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم نفرت پھیلانے والوں اور قتل کے فتوے دینے والوں کے راستے کی دیوار بنیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما حنیف عباسی اور علماء کرام کے ہمراہ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ کسی کے قتل کا فتویٰ دینے کا اختیار کسی کے پاس نہیں، ایسے فتویٰ جاری کرنے کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں، قانون کسی کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، قانون پر عمل درآمد کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، قاضی فائز عیسیٰ کے والد قائداعظم کے ساتھی تھے، ان کے دادا نے مسلمانوں کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ عمل دہشت گردی کے مترادف ہے جس کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی، ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ اسرائیل کے جنگی جرائم اور ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت پر کیوں بات نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے اوپر واحد سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) ہے جس نے سب سے زیادہ آواز اٹھائی اور وزیراعظم نے بھی اس مسئلے پر عالمی فورمز میں بات کی۔