کراچی، 29 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آنے والا دور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا دور ہے اور ہم اس کو جتنا جلد سمجھ کر سیکھ لیں گے یہ ہمارے آنے والی نسلوں کی بقاء ثابت ہوگا۔
ایکسپو سینٹر کراچی میں ہونے والے یوتھ کنونشن سے خطاب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کامیاب یوتھ کنونشن پر کراچی کے طلباء و طالبات کو زبردست خراج تحسین اور مبارکباد دیتے پیش کیا۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ یوتھ کنونشن کراچی سمیت ملک بھر کی سیاست اور آنے والی خوشحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے آپ کو کنیکٹ ایم کیو ایم کے ذریعے جو پلیٹ فارم فراہم کردیا اس کے ذریعے پاکستان کی نوجوان نسل فائدہ اٹھا کر اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکتی ہے اب کسی کے پاس نوکری کیلئے جانے کی ضرورت نہیں بلکہ اپنے کاروبار کا خود کفیل بننا ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی اور پورے پاکستان کے نوجوانوں کو اس قابل بنانا چاہتی ہے کہ انہیں اب ملک چھوڑ کر نہ جانا پڑے بلکہ اپنے ملک میں رہ کر ایک مقام حاصل کرے۔انہوں نے کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم کراچی سمیت پورے صوبے اور پاکستان کے نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر دم لیں گے۔