ساہیوال، 30 جولائی(اے پی پی ):چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس جیل خانہ جات پنجاب رانا منان خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب کی جیلوں کو تربیتی سنٹرز میں بدلنا ہے تاکہ رہا ہونے والے قیدی اپنے ہنر سے اپنا روز گار شروع کر سکیں اور معاشرے کا مفید شہری بن سکیں،قیدیوں کی تعلیم و تربیت سے ہی انہیں جرم سے نفرت ہوگی اور معاشرے میں امن و امان کی فضا قائم ہو۔جیل پولیس کے جوانوں کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے اور ٹریننگ کے اس عمل سے یقیناجیل پولیس فورس اپنے محکمہ کے لئے ایک مثبت تبدیلی کا باعث بنے گے جس سے نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں نکھار آئے گا بلکہ نظم و ضبط کے حوالے سے بھی ان کا معیار بہتر ہوگا-
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب پریزن سٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال میں پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر افسران اور پاس آوٹ ہونے والے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈی آئی جی جیل خانہ جات سالک جلال اور ایڈیشنل ڈی آئی جی چوہدری اصغر علی بھی اس موقع پر موجود تھے-انہوں نے مزید کہا کہ جیل پولیس کو دہشت گردی کے خلاف تربیت دینا انتہائی ضروری ہے،جیل پولیس کے یہ تربیت یافتہ افراد اب نہ صرف ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں بلکہ ان کی تربیت ان کی صلاحیتوں کو مزیدپروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کو ذہنی اور جسمانی تربیت کے علاوہ دینی تربیت بھی دی جارہی ہے تاکہ کرپشن سے پاک معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔ایڈیشنل ڈی آئی جی چوہدری اصغر علی نے ساہیوال میں پنجاب پریزن سٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال سے355جوانوں کو 4ماہ کا بیسک کورس مکمل کرنے پر مبارکباد بھی دی۔