دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل کی قیادت میں سات رکنی وفد  کا دورہ کامسیٹس

23

اسلام آباد، 30 جولائی (اے پی پی ): دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی قیادت میں سات رکنی وفد نے  کامسیٹس کا دورہ کیا،اس موقع  پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول بھی موجود تھے۔ وفد نے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کامسیٹس، سفیر ڈاکٹر  نفیس  ذکریاسے دو طرفہ ملاقات کی۔

اس موقع پر  وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 64 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، جنہیں ضروری مہارتیں فراہم کرکے اثاثے میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

سیکرٹری جنرل کامن ویلتھ نے کہا کہ مستقبل تکنیکی مہارتوں  کا ہے، اس لیے نوجوانوں کو تربیت اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ضروری  ہے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے  دولت مشترکہ  کے منصوبوں  مصنوعی ذہانت اکیڈمی ، رہنماؤں کے لیے تربیتی کورسز، کامن اسپیس اقدام وغیرہ پر روشنی ڈالی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹرسفیر ڈاکٹر  نفیس  ذکریا نے دولت مشترکہ کے ساتھ  کامسیٹس  کے تعلقات اور تعاون کو دہرایا اور ساتھ ہی تنظیم کے اہم پروگراموں اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے  کامسیٹس کے ممبر ممالک کو سائنسی اور تکنیکی ترقی سے ہم آہنگ رکھنے میں سہولت فراہم کرنے کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ  کامسیٹس  نے کامن ویلتھ سینٹر فار ڈیجیٹل ہیلتھ (CWCDH) سے ایوارڈ جیتا ہے۔

 دونوں فریقوں نے آئی ٹی اور اے آئی، سائبر سیکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، فنٹیک، ٹیک سے چلنے والے ہیلتھ کلینکس، ای وی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مختلف شعبوں میں تعاون پر ٹھوس بات چیت کی اور ترقی پذیر ممالک کے فائدے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وفد نے  کامسیٹس  ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا اور  کامسیٹس  ٹیلی ہیلتھ پروگرام کے کام کا مشاہدہ کیا۔ سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول نے ایک مضبوط اور پائیدار تعلقات کے آغاز کے لیے سیکرٹریٹ میں درخت بھی لگائے۔