صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت لاء اینڈ آرڈر کا 10 واں اجلاس

44

لاہور، 30 جولائی( اے پی پی) : صوبائی وزیر صحت و چئیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں لاء اینڈ آرڈر کا 10 واں اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ افسران نے اس حوالہ سے بریفننگ دی۔اجلاس کے دوران انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے سیکشن 19 کے تحت 14 مختلف کیسز کیلئے جے آئی ٹیز بنانے کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں 6 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کے امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ ریاست کسی صورت تشدد کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو سزا دلوائے بغیر معاشرے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔متعلقہ ادارے عدالتوں میں کیسز کی باقاعدہ پیروی یقینی بنائیں۔

 انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام اداروں نے دن رات محنت کی ہے۔عوام کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ آئندہ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں کی سیکیورٹی کیلئے رینجرز کے دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

 اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی عثمان خالد، ڈی آئی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، رینجرز و متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔