کراچی،30جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے کارپوریٹ فارمنگ کی ضرورت ہے۔اس سے اقتصادی نمو کی شرح میں تیزی لائی جا سکتی ہے۔
یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے شرکاء کو ملک کے کلیدی معاشی اشاریوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اقتصادی اور تکنیکی ڈھانچہ کو آگے بڑھانے میں نجی شعبہ اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ کلی معیشت کے استحکام کے حوالہ سے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں، بیرونی ادائیگیوں کے حوالہ سے صورتحال تسلی بخش ہے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ پاکستان کے امور بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے سرکاری اور نجی شعبہ کے اشتراک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ایچ بی ایل اور نیشنل بینک جیسے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، اس حوالہ سے بہتر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں واپسی کیلئے اقدامات کر رہا ہے، رواں سال پاکستان پانڈا بانڈ جاری کر رہا ہے، کریڈٹ ریٹنگ کے بین الاقوامی ادارہ فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی ہے، اس سے مجموعی معیشت پر اعتماد کی عکاسی ہو رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت موجودہ چیلنجز سے آگاہ ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سے صورتحال میں بہتری آئی ہے، حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھے گی، اس ضمن میں ایس آئی ایف سی کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی شعبہ تبدیلی کے عمل میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، زرعی اور آئی ٹی انڈسٹری بالخصوص فری لانسرز کیلئے فنڈز مختص کرنے کی ضرورت ہے، اس ضمن میں نجی بینکوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے شرکاء کو توانائی کے شعبہ کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ شعبہ اضافی ٹیکس اور توانائی کی بلند قیمتوں کا سامنا کر رہا ہے جبکہ بجلی کی مسابقتی قیمتیں بھی دستیاب نہیں ہیں، اس صورتحال میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، حکومت بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے جس حد تک ممکن ہو سکا، معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، مالیات اور ڈیٹا کلیکشن میں بینکوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ پی بی اے کے اجلاس میں تمام کلیدی بینکوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔