اسلام آباد، 31 جولائی (اے پی پی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرم میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علاقے کی سرکردہ شخصیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مسئلے کے پائیدار حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے مجلس وحدت المسلمین کے ایم این اے حمید حسین کی قیادت میں کرم سے تعلق رکھنے والے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرداخلہ نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دو گروپوں کے درمیان تصادم کو غلط رنگ دیا گیا،حکومت معاملے کے حل کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے سب کومل کر کردار کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرم کے دونوں گروپوں کے سرکردہ شخصیات پر مشتمل نمائندہ وفد کو بھی ملاقات کے لئے بلا لیا ہے۔
ملاقات کیلئے آئے وفد میں منیر حسین، پروفیسر شبیر بنگش، محمد بشیر بنگش،رحیم گل اور حاجی نور رحمان شامل تھے۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا بھی اس موقع پر موجودتھے۔