نوشہروفیروز ؛  بچوںو خواتین کو غذائی کمی سے بچانے کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس

15

نوشہروفیروز ،31جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ٹو) محمد مستقیم قریشی کی زیر صدارت ضلع میں بچوں اور خواتین کو غذائی کمی سے بچانے کے لئے قائم کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی  روم میں منعقد ہوا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں بچوں اور خواتین میں غذائی کمی اہم مسئلہ ہے ،ضلع کے 47 فیصد بچے اور خواتین غذائی کمی کا شکار ہیں یہ اعداد و شمار خطرناک صورتحال کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کی خواتین اور بچوں میں غذائی قلت کو کم کرنے  کے لئے سندھ حکومت نے مختلف سماجی بھلائی کی تنظیموں کے ساتھ مل کر ایکسی لریٹڈ ایکشن پلان ترتیب دیا ہے۔ اس پلان کے تحت محکمہ صحت، تعلیم، آبپاشی، زراعت اور سماجی بھلائی کی تنظیمیں مل کرکام کررہی ہیں۔

محمد مستقیم قریشی نے کہا کہ ہر محکمہ  کے افسران اپنے اپنے اہداف طے کریں اور اہداف پر عمل درآمد کا جائزہ لیں ۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ مختلف تعلیمی اداروں  میں بچوں میں صفائی ستھرائی کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے سیشن کرائیں اور محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے منعقدہ فیملی ہیلتھ میلہ  میں  بھی محکمہ صحت  اپنا اسٹال لگا کر عوام کو بہتر صحت اور بالخصوص غذائی کمی کے متعلق آگاہی فراہم کریں۔

انہوں نے  ضلع میں نمک کی چکیوں کی جانب سے آیوڈین  ملا نمک تیار کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے غذائی قلت کا شکار بچوں کو ضلع  کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں قائم نیوٹریشن مراکز پر بھیجا جائے تاکہ ان کا علاج اور غذائی ادویات فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع کی دو یونین کونسلوں جیئندو راجپر اور لاکھا روڈ میں بچوں اور خواتین میں غذائی کمی  کے تدارک کے لئے خصوصی  پروگرام شروع کیا گیاہے۔

اجلاس میں ڈویژنل کوآرڈینیٹر ( آپ) رضوان علی،دھرتی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن  کے نمائندہ  غلام مصطفیٰ،ایس پی او آفیسر عمارہ سرفراز، آئی آر سی کی سینئر پروگرام آفیسر  پارس رضا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر پاپولیشن ویلفیئر ،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک،ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔