بدين، یکم اگست (اےپی پی): صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ محمد سہیل راجپوت کی خصوصی ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ بدین منظور علی سومرو کی جانب سے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس بدین میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
محکمہ خزانہ کے ضلعی دفتر بدین میں منعقدہ کھلی کچہری میں مختلف اداروں کے سرکاری ملازمین نے اپنے مسائل پیش کئے اس موقع پر مسائل کے حل کے لیے آنے والے لوگوں نے پینشن جی پی فنڈ اور تنخواہوں سمیت مختلف معاملات کے حل کے لیے ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ نے لوگوں کے مسائل غور سے سنے اور بہت سے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
کھلی کچہری کے دوران ریجنل ڈائریکٹر منظور علی سومرو نے محکمہ خزانہ کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ ڈسٹرکٹ اکاونٹ آفیسر بدین عارف حسین میرانی نے جی پی فنڈ، ٹیچنگ الاؤنس، پینشن، ایل پی آر کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔
اس موقع پر ایڈیشنل اکاؤنٹ آفیسر یاسر ڈوگر، اسسٹنٹ رجسٹرار صوبائی محتسب اعلیٰ بدین عبدالستار میمن، سب اکاؤنٹنٹ سارنگ لطيف سومرو، سب اکاؤنٹنٹ فاروق چنہ، سب اکاؤنٹنٹ ایاز دل اور مختلف اداروں کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔