افغانستان اپنی سرزمین پاکستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے استعمال نہ کرے؛ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ

7

 

اسلام آباد ،01اگست ( اے پی پی ): ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا  ہے کہ پاکستان نے افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ان کی سرزمین دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہو۔

ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا  ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تازہ  رپورٹ میں پاکستان کے اس نظریے کی توثیق کی گئی ہے کہ افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی سمیت “فتنہ الخوارج” کے دہشت گرد گروپوں کے ٹھکانے اور پناہ گاہیں ہیں۔   انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں یہ نظریہ موجود ہے کہ ٹی ٹی پی ایک اضافی علاقائی خطرے کے ساتھ ساتھ دیگر دہشت گرد گروپوں کی چھتری تنظیم میں تبدیل ہو سکتی ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ فتنہ الخوارج سمیت دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری، موثر اور مضبوط کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ افغان فریق اس بات کو یقینی بنائے کہ ان کی سرزمین پاکستان کے اندر دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہو۔

تہران میں حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ خودمختار ریاستوں کے اندر افراد کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔  انہوں نے کہا کہ یہ اندھا دھند اور غیر متناسب اسرائیلی جارحیت کا ایک اور مظاہرہ ہے جو علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کو اس کی خطاؤں اور اقدامات کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی ماورائے عدالت کارروائیوں نے علاقائی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے اسرائیل کے حامیوں پر زور دیا کہ وہ خطے کے ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی غیر قانونی فوجی کارروائیوں کو ختم کرنے کے لیے اسرائیل پر غالب رہیں۔