صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی لیتھیم بیٹریاں بنانے والی کمپنی اینرشئر کے وفد کی ملاقات

45

لاہور، یکم اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی لیتھیم بیٹریاں بنانے والی کمپنی اینرشئر Ener Share کے وفد نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کمپنی کے سی ای او مسٹر ویلسے یین Welesayyen کررہے تھے۔ چینی کمپنی نے پنجاب میں بیٹر یاں بنانے کا پلانٹ لگانے اور مقامی کمپنیوں سے جوائنٹ وینچر میں اظہار دلچسپی کیا۔

سی ای او چائناکمپنی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمپنی  جلد الیکٹرک بائک بھی لانچ کرنے جارہی ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین، ترکی، آسٹریا اور دیگر ممالک کی کمپنیوں نے پنجاب میں بڑی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔  سپیشل اکنامک زونزز میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔ 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت موجود ہے ۔ حکومت کا سولر انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ پر فوکس ہے۔ رواں ماہ سولر انرجی سیکٹر کا بڑا غیر ملکی گروپ یہاں آرھا ہے یہ گروپ پنجاب میں 100میگا واٹ کا سولر پاور پلانٹ لگانا چاہتا ہے ۔ اس حوالے سے اس گروپ کے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت طلباء کو 10 ہزار الیکٹرک بائکس فراہم کر رہی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کی کمپنی اینر شئر بیٹریاں اور الیکٹرک بائکس کی تیاری میں سرمایہ کاری کرسکتی ہے۔ پنجاب حکومت چینی کمپنی کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔