وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس پر جائزہ اجلاس  

23

اسلام آباد، 02 اگست (اے پی پی ): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس پر جائزہ اجلاس میں شرکاء کو میڈیکل کمپلیکس کے ماسٹر پلان اور منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

جناح میڈیکل کمپلیکس پر جائزہ اجلاس جمعہ  کو یہاں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو ٹرسٹ بنایا جائے گا جو اسپتال کے انتظامی امور کو دیکھے گا، اس ٹرسٹ کے پیٹرن اِن چیف وزیرِ اعظم ہونگے جبکہ کمپلیکس کے ماسٹر پلان پر بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی ماہرین کام کر رہے ہیں۔

اجلاس کو منصوبے کی تعمیری لاگت اور معینہ مدت سے آگاہ کرتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا  کہ آغا خان فاؤنڈیشن بھی کمپلیکس کے حوالے سے تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں بہترین طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال بنایا جائے، اسکے علاوہ شفافیت کے عنصر کو خصوصی اہمیت دینے اور منصوبے کو کم وقت میں مکمل کرنے کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔