صوبائی وزرائے صحت کے زیر صدارت ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا چھٹا اجلاس منعقد

14

لاہور۔02 اگست(اے پی پی): صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے والے سرکاری دفاتر کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا۔

صوبائی وزرائے صحت نے اجلاس کے دوران لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ کے اضلاع میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت علی جان خان نے متعدی اور وبائی امراض پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ہمیں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے الرٹ رہنا ہوگا۔ حساس اضلاع کی انتظامیہ کو زیادہ محنت کرنی ہوگی۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود انسدادِ ڈینگی کارروائیوں کو مانیٹر کریں۔ حساس اضلاع لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسدادِ ڈینگی سرویلنس سرگرمیوں کو بڑھایا جائے۔ تمام سیکرٹریز اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

 خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی سمیت دیگر امراض کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت مؤثر لائحہ عمل اپنا رہا ہے۔ ہر ڈینگی کیس کو ٹریک کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے ہر محکمہ کو ضلعی سطح پر متحرک رہنا ہوگا۔

 خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کی ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔  صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حالیہ مون سون بارشوں کے باعث ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے، ڈینگی سرویلنس سرگرمیاں بڑھائی جائیں۔ انسداد ڈینگی کے لئے شالیمار ٹاؤن لاہور میں گلی، محلہ کی سطح پر وولنٹیرز کی خدمات کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائیگا۔ جن گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہو ان گھروں کے باہر وارننگ کے سرخ سٹیکرز چسپاں کئے جا رہے ہیں۔

 خواجہ عمران نذیر نے ہدایت دی کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نجی ہسپتالوں اور لیبز سے مشتبہ ڈینگی کیسز کی رپورٹ کو یقینی بنائیں۔  الیکٹرک سپلائی کمپنیز اور ریلویز کے نمائندوں کے ساتھ کوآرڈینیشن بڑھائی جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں 3، ایک ہفتہ میں 9 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، 2023 کے جنوری سے اگست تک ڈینگی کے 15182 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ 2024 جنوری سے اب تک صرف 220 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں انسیکٹیسائڈ ادویات کا کافی سٹاک موجود ہے۔

 اجلاس میں سیکرٹری صحت علی جان خان، مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز اور وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔