سیالکوٹ،03 اگست (اے پی پی ) :مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی کا دورہ کیا، ایمرجینسی میں مریضوں کی جانب سے ادویات باہر سے منگوانے اور نجی ہسپتال میں ریفر کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور موقع پر موجود پرنسپل خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج ڈاکٹر ہما کیانی اور ایم ایس ڈاکٹر سہیل انجم بٹ کو معاملہ کی انکوائری کرکے متعلقہ ڈاکٹرز اور سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی کے احکامات صادر کئے۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ ایمرجنسی میں ڈاکٹرز اور سٹاف کو کاونٹر پر نہیں بلکہ مریض کے پاس ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مریضوں کو پرائیویٹ ریفر کرنا ہے اور ادویات باہر سے منگوانی ہے تو ہسپتال کی ایمرجنسی کا جواز باقی نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف چاہتی ہیں کہ ہیلتھ فنڈز کی ایک ایک پائی مریضوں کے علاج معالجے پر خرچ کی جائے۔
انہوں نے ایمرجنسی میں خراب صورتحال کی وجہ ناقص مینجمنٹ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرنسپل اور ایم ایس ایمرجنسی اور او پی ڈیز میں بااخلاق، فرض شناس اور وقت کی پابندی کرنے والے ڈاکٹرز اور سٹاف کو تعینات کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی اور او پی ڈیز کی سہولیات کی بنیاد پر ہسپتال کی کامیابی اور ناکامی کا دارو مدار ہے۔
ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 4 ہزار نرسسز سٹاف کو بذریعہ پبلک سروس کمیشن بھرتی کرنے جارہی ہے جس سے ہسپتال میں نرسنگ سٹاف کی کمی دور ہوگی۔