پتوکی،03 اگست (اے پی پی ): وزیر اعلی پنجاب کے احکامات پر تحصیل پتوکی میں سموگ کیخلاف کارروئیاں ،اسسٹنٹ کمشنر پتوکی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات نے پولیس کے ہمراہ فضائی آلودگی کا باعث بننے والی گملے بنانے والی 14 بھٹیوں کو مسمار کر دیا ۔
کارروائیاں چک نمبر 22بھولیوال، چک نمبر 31اور برج مہالم پتوکی میں کی گئیں، زہریلا دھواں چھوڑنے والی بھٹیوں کو کرین کے ذریعے مسمار کیا گیا ،گملے بنانے والی بھٹیوں کے نیچے پلاسٹک، ریگزین، گندے کپڑے اور کچرا وغیرہ جلا یا جا رہا تھا ۔مسمار کی جانیوالی بھٹیوں کے مالکان کو گزشتہ دوماہ سے نوٹسز جاری کئے گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے یونٹس جو آلودگی کا باعث بن رہے ہیں ان کیخلاف مستقبل میں بھی کارروائیاں جاری رہینگی ،ماحولیاتی قوانین کیخلاف ورزی پرضلعی انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر ایک بھی فیکٹری یا یونٹ نہیں چلنے دیا جائیگا۔