قصور، 3اگست(اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی مہم ”اربن فاراسٹیشن“پر عملدرآمد جاری ہے ، ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے پودا لگا کر مون سون کی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشد چھٹی نے کہاکہ نیوبس ٹرمینل گول چکر گرین بیلٹ پر 22کنال جگہ پر مختلف قسم کے 4500پودے لگائے گئے ہیں، اربن فار اسٹیشن مہم سے شہر کے ماحول کی خوبصورتی میں اضافہ اور آلودگی کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اربن فار اسٹیشن مہم کے تحت ضلع بھر میں تمام شہروں کے اندر چھوٹے چھوٹے جنگل بنائے جائینگے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ پودے لگانا نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ یہ ماحول کو خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہم سب کا فرض ہے آنیوالی نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔انہوں نے کہا کہ درخت لگا کر ہی ہم خوشحال اور سرسبز پاکستان کا خواب پورا کر سکتے ہیں، شہری بھی اپنے اپنے حصے کا ایک پودا لازمی لگائیں اور ماحول کو سرسبز بنانے کیلئے اہم کردار ادا کریں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زرانا موسیٰ طاہر، محمد جعفر چوہدری، مرتضیٰ ملک، اسسٹنٹ کمشنرز عطیہ عنایت مدنی، رانا امجد محمود، طلحہ انور، ڈاکٹر محمد انس سعید سمیت میونسپل کمیٹیز کے افسران بھی موجود تھے۔