چنیوٹ ،04 اگست (اے پی پی ): صوبہ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح ضلع چنیوٹ میں بھی یوم شہدا پولیس منایا جا رہا ہے۔اس سلسلہ میںشہداء پولیس کے لئے پولیس لائن چنیوٹ میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا،پولیس افسران و جوانوں نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی اور شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ڈی پی او عبداللہ احمد،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر،ڈی ایس پی انوسٹی گیشندیگر افسران و جوان بھی قران خوانی میں موجود تھے ۔
بعد ازاں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ یادگار شہداء پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی،سلامی میں ڈی پی او عبداللہ احمد،ڈی سی محمد آصف رضا،شہداء کی فیملیز،سول سوسائٹی،پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔شہدائے پولیس کی فیملیز،ڈی پی او، ڈی سی نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔
اس موقع پر ڈی پی او عبد اللہ احمد کا کہنا تھاکہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہم سکون کی نیند سوتے ہیں،عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جان کی قربانی بہت بڑی قربانی ہے،آج کے دن شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہدائے پولیس ہمارا فخر ہم ان کے خون کے وارث ہیں،آج کے دن شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں،ملک و قوم کی حفاظت کیلئے پولیس آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔