ٹانک میں یوم شہداء پولیس منایا گیا،ورثاء میں نقد امدادی  رقم اور تحائف تقسیم

15

ٹانک،04اگست (اے پی پی ):ملک بھرکی طرح ٹانک میں بھی یوم شہداء پولیس ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، یوم شہداء پولیس کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس افس ٹانک میں منعقد ہوئی جس میں شہداء پولیس کے ورثاء،  عسکری حکام سمیت علاقہ معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کر نے کے لئے سکول کے بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے۔

 تقریب کے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر ایف سی ساؤتھ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر ایف سی ساوتھ  اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالسلام خالد نے کہا کہ یوم شہداء کا مقصد اپنے جوانوں کی لا زوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے ۔ملک دشمن عناصر کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے پولیس، پاک فوج، صحافیوں علماء کرام اور مشران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 سیکٹر کمانڈر کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان اپنے عوام کے ساتھ مل کر ملک دشمن عناصر سے پاک سر زمین کو صاف کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ان شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہم کھلی آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں ،ہم ان کے خون کے ایک ایک قطرہ کا قرض ادا نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی لا زوال قربانیوں کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا ، ہم شہداء کے ورثاء کو کسی میدان میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ، اس جنگ میں سب نے قربانیاں دی ہیں  ۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر نے پولیس شہداء کے ورثاء سے خصوصی ملاقات کی اور ان میں  نقد امدادی رقم اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔