یوم شہدائے پولیس کے موقع پرچنیوٹ پولیس کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد

16

چنیوٹ،04اگست (اے پی پی): یوم شہدائے پولیس کے موقع پرچنیوٹ پولیس کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیاگیا،پولیس لائن چنیوٹ میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ڈی پی او عبداللہ احمد،پولیس افسران و جوانوں نے قرآن خوانی کی،شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔پولیس افسران نے شہدائے چنیوٹ پولیس کی قبروں پر حاضری دی،پھولوں کی چادریں چڑھائیں،دعا کی۔

شہدائے پولیس کی فیملیز کوخصوصی پروٹوکول کیساتھ لایاگیا،ڈی پی او نے فیملیز کا استقبال کیا،پولیس افسران و جوانوں نے فیملیز پر گل پاشی کی،خوش آمدید کہا۔ڈی پی او عبداللہ احمد نے شہداء کی فیملیز سے ملاقات کی،خیریت دریافت کی،پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

یادگار شہداء پر سلامی کی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔شہداء کی فیملیز،ڈی پی او،ڈی سی،ڈسٹرکٹ پولیس نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں شرکت کی۔ملک پاکستان کی سلامتی،شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔تقریب میں ڈی پی او عبداللہ احمد،اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ،صدر بار ایسوسی ایشن،پولیس افسران و جوانوں،شہداء کی فیملیز،سول سوسائٹی،میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔شہدائے پولیس کی فیملیز کو بطور مہمان خصوصی سٹیج پر بٹھایا گیا۔شہدائے پولیس کی فیملیز نے اپنے شہداء کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

اس موقع پر سول سوسائٹی کے نمائندوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی ہم چین کی نیند سوتے ہیں، ملک و قوم کے لیے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے شہدائے پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی قیمتی جان کی قربانی بہت بڑی قربانی ہے،میں شہدائے پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ڈی پی او عبداللہ احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4اگست کا دن پولیس کیلئے تجدید عہد کا دن ہے،ہم پنجاب پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کررہے ہیں اورخراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔پولیس کے افسران وجوان لوگوں کے جان و مال کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی، دہشت گردوں کیخلاف صف اول میں سینہ سپر ہوتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں۔ملک و قوم کی حفاظت کیلئے آئندہ بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔

ڈی پی اونے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہم اپنے شہدا کے خون کے وارث  ہیں۔شہدائے پولیس کی فیملیز کا دکھ سکھ ہمارا دکھ سکھ ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس،پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرقیادت شہداء کی فیملیزکیلئے مثالی اقدامات جاری ہیں۔

تقریب کے شرکاء کیلئے کھانے کا اہتمام کیا گیا۔شہداء کی فیملیز کو تحائف دیے گئے۔ڈی پی او نے شہداء کی فیملیز کو الوداع کیا،پروٹوکول کیساتھ رخصت کیاگیا۔