اسلام آباد,4اگست (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کامن ویلتھ ایئر یوتھ چیمپئن ایوارڈ کو وزیراعظم شہباز شریف کے نام کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے روشن مستقبل اور خوشحالی کے ضامن ہیں، یہ مستقبل وزیراعظم شہباز شریف کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔
یہاں جاری بیان کے مطابق رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کامن ویلتھ کی سیکرٹری جنرل آر ٹی پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم اور محنت پر ’’کامن ویلتھ ایئر یوتھ چیمپئن ‘‘کا ایوارڈ دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ ایوارڈ وزیراعظم شہباز شریف کے نام کرتا ہوں جنہوں نے قائد اعظم کے قول پر عمل کرتے ہوئے پنجاب،آزاد کشمیراور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں نوجوانوں کا مستقبل روشن بنانے کے لئے ہمیشہ تاریخی اقدامات کیے۔انہوں نے کہا کہ بیشک نوجوان ہمارے روشن مستقبل اور خوش حالی کے ضامن ہیں اور یہ مستقبل اب وزیر اعظم شہباز شریف کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔