سرگودھا ،05 اگست (اے پی پی ): بھارت کی فاشٹ حکومت کی جانب سے کشمیریوں کے پانچ سال سے جاری استحصال کے خلاف ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر کی سربراہی میں سیمینار اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی سربراہی میں ریلی آرٹس کونسل کمپلیکس سے شروع ہوئی جو ڈی پی او چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم، بینرز و کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی حکومت کے خلاف احتجاجی نعرے لکھے تھے۔
آرٹس کونسل کمپلیکس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم اور کشمیر کی آزاد حیثیت کے خاتمے کے خلاف عالمی برداری فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنایا ہے،پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیریوں کے حق خود اختیاری کے حصول کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ہم کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں پچھے نہیں ہٹیں گے۔
سیمینار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے آرٹس کونسل کمپلیکس کے احاطہ میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی لگائے۔
سیمینار میں مختلف سکولوں کے بچوں نے ٹیبلوز ، تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے جدو جہد آزادی کشمیر میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے آرٹس کونسل کے زیر اہتمام کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا۔نمائش میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام پر بھارتی فوج کی بربریت اور مظالم کی تصاویر کے زریعے عکاسی کی گئی۔ نمائش دیکھنے والے ہر شخص کی آنکھ اشک بار تھی، تمام تقریبات کا اختتام ملک وقوم کی ترقی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کی دعا پر ہوا۔
سیمینار میں ایس پی انوسٹی گیشن فرحان احمد ، ایس پی ہیڈ کوارٹر ضیاء اللہ خان اور ڈاکٹر پروفیسر ہارون الرشید تبسم سمیت انتظامی افسران و سرکاری ملازمین ،طلباءو طالبات سمیت ہر شعبہ زندگی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔