گلگت؛یوم استحصال کشمیر ریلی،بھارتی مظالم اور کشمیر کی آزاد حیثیت کے خاتمے کے خلاف عالمی برداری فوری نوٹس لے، مقررین

10

گلگت، 05اگست(اے پی پی): یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے  ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں جلسے،جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔اس دوران مقررین نے اپنی تقاریر میں بھارتی جبر اور ظلم کے خلاف شدید الفاظ میں مذمت کی۔اس سلسلے میں  شاہی پولو گراؤنڈ گلگت سے گھڑی باغ تک بھارت کے کشمیر پر ناجائز تسلط ظلم وجبر اور استحصال کے خلاف ریلی نکالی گئی ۔ریلی میں سول سوسائٹی، مختلف طلبہ تنظیمیں،سکاؤٹس اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں  کہا کہ بھارتی مظالم اور کشمیر کی آزاد حیثیت کے خاتمے کے خلاف عالمی برداری فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ بنایا ہے۔پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیریوں کے حق خود اختیاری کے حصول کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ہم کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں، کراچی سے گلگت  بلتستان تک پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔