نوشہرہ ورکاں،05 اگست (اے پی پی):5اگست، یومِ مذمت استحصال کشمیر پاکستان بھر میں منایا گیا۔ اس موقع پرمیونسپل کمیٹی آفس سے اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر اور چیف آفیسر عثمان غنی سپریڈنٹ رضوان علی،انچارج ریسکیو 1122 عرفان موسی کی قیادت میں احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا جبکہ کنڈر گارڈن سکول سسٹم پرنسپل میاں منظور احمد کی قیادت میں سکول کے طلباء نے احتجاجی موٹر سائیکل ریلی نکالی جو میونسپل کمیٹی کے بعد تھانہ چوک میں ختم کی گئی ۔اس موقع پر کشمیری قوم کے قتل عام اور بھارتی ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ کر شہادت نوش کرنے اور زخمی ہونے والے اور قید و بند کی مصیبتیں اور تکالیف برداشت کرنے کے باوجود اپنے حقوق سے دستبردار نہ ہونے والے کشمیریوں کی جرات و ہمت حوصلہ اور جذبہ شجاعت و شہادت پر شرکاء ریلی نے سلام پیش کیا اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد کشمیر میں بھارتی حکومت کی ظالمانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے اپنا اخلاقی کردار ادا کرے ۔