حکومت پاکستان نہتے کشمیری عوام کی ہر طرح کی حمایت جاری رکھے گا ، بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت فوری بحال کرے؛وفاقی وزراء

9

اسلام آباد، 05 اگست  (اے پی پی ):وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ اور وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا  ہے کہ حکومت پاکستان نہتے کشمیری عوام کی ہر طرح کی حمایت جاری رکھے گا ، بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت فوری بحال کرے۔

پیر کویہاں   پریس کانفرنس  سے خطاب میں  وفاقی وزیر اطلاعات اور وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران نے  کہا کہ وزیر امور کشمیر نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تاریخی مہم چلائی، آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور ہم اس حق کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھتے ہوئے اسکی عوام کو حق خودارادیت کی فراہمی کے لئے ہر سطح پر اپنا مشن جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 2019ءکے بھارتی اقدامات کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے کشمیری عوام پر بھارت نے ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے۔انہوں نے کہا کہ  مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کا کوئی جواز نہیں، حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔