یوم استحصال کشمیر، ضلع   حب اور لسبیلہ  میں یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی  گئیں

22

حب،05 اگست (اے پی پی ): ملک بھر کی طرح ضلع  حب اور ضلع  لسبیلہ میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔

حب ڈسٹرکٹ کی ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر حب محمد علی درانی  نے کی۔ ریلی  کے شرکاء عدالت روڈ حب سے ہوتا ہوا مین آر سی ڈی روڈ حب سے گشت کرتے ہوئے حب پریس کلب پر اختتام پذیر ہوا جبکہ لسبیلہ ڈسٹرکٹ ریلی کی قیادت چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل لسبیلہ سردار عبدالرشید پھورائی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لسبیلہ سراج احمد بلوچ کررہے تھے۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر و پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، فلک شگاف نعرے بلند تھے، پلے کارڈ پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے مختلف قسم کے نعرے درج تھے۔ ریلی مین آر سی ڈی ہائیوے سے گزرتی ہوئی ڈپٹی کمشنر آفس  احاطے پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔

 ریلی میں ضلعی افسران، سول سوسائیٹی ، کونسلرز،وکلاء ، صحافی حضرات ، اساتذہ ، لائن ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین سمیت دیگر مکاتب فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کی مقررین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل کا سامنا کرنے کے باوجود، کشمیر کے لوگوں نے غیر معمولی جرات، طاقت اور لچک کامظاہرہ کیا ہے، کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت وحشیانہ طاقت کے استعمال سے ان کی مرضی کو نہیں توڑ سکتا، ہم بلوچستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم اس یوم سیاہ کے موقع پر ان کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں اور ان کے ناقابل تسخیر جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں ۔