مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے ؛ ڈی جی آئی ایس پی آر

9

 

راولپنڈی، 5 اگست ( اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے ۔

 پیر کو یہاں   نیوز کانفرنس  سے   خطاب میں  لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری  نے کہا کہ کشمیریوں کی جدو جہد نا قابل فراموش ہے، مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی استعمار جاری ہے، کشمیریوں کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھی جائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے  تک جنگ جاری رہے گی،  حکومت نے 2 دہشت گرد تنظیموں پر پابندی لگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاک فوج نے بلوچستان ، کشمیر، گلگت بلتستان اورخیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے بنائے، طلبہ کو ڈیجیٹل اور ٹیکینکل تعلیم دی جا رہی ہے ، تعلیم سب کے لئے کے تحت 7 لاکھ سے زائد طلبہ کا داخلہ کیا گیا  ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاک فوج کے تعاون سے گوادر میں 104 منصوبوں پر کام جاری ہے،  پاک فوج ملک کی ترقی اور فلاح کے لیے کوشاں ہے۔