ڈیرہ اسماعیل خان،05اگست (اے پی پی ):ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس سے کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختلف محکموں کے افسران و نمائندوں، میڈیا کے نمائندوں، معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے کشمیری مسلمانوں کے حق اور بھارتی مظالم کے خلاف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سارہ رحمٰن و دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی تک پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کشمیری مسلمانوں کا ہر سطح پر ساتھ دیں گے، کشمیری نہتے مسلمانوں پر بھارتی مسلح افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم انسانیت کی سراسر خلاف ورزی ہیں لہذا آج کے اس دن کو منانے کا مقصد عالمی اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کرانا ہے تاکہ کشمیری مظلوموں کو انصاف مل سکے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، بھارت نے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے، یوم استحصال منانے کا مقصد بھارت کو دو ٹوک پیغام دینا ہے کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور انشا ء اللہ بہت جلد کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔