فیصل آباد،05اگست(اے پی پی ): چیئرمین ڈسٹرکٹ کمیٹی برائے مانیٹرنگ وزیراعلی پنجاب خصوصی اقدامات رکن صوبائی اسمبلی چوہدری عارف محمود گل نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو ہر شعبہ میں ریلیف کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ڈی سی آفس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری عارف محمود گل نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف جلد فیصل آباد کا دورہ کریں اور میگا ڈویلپمنٹ پیکج کا اعلان کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے حکومت پنجاب کو واسا کی سروسز کے معیار اور استعداد کارمیں اضافہ کے لئے ساڑھے 11 ارب روپے کے فنڈز کی فراہمی کی درخواست کی ہے اور یہ فنڈز عنقریب فراہم کردیئے جائیں گے۔
عارف محمود گل نے کہا کہ پی ایچ اے اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو بھی اضافی وسائل کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی باقاعدگی سے میٹنگ کرکے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اور اہداف تفویض کررہی ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عوامی خدمت ہی ان کی سیاست کا مقصد ہے۔
قبل ازیں عارف محمود گل کی صدارت میں کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب،تجاوزات کا صفایا،ستھراپنجاب پروگرام سمیت واسا،پی ایچ اے کے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین کمیٹی نے افسران سے کہا کہ عوامی بہبود کے اقدامات پر عملدرآمد میں کوئی عذر قابل نہیں۔
کمیٹی کے ارکان رائو کاشف رحیم،فقیر حسین ڈوگر،محمد رزاق ملک بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے عبدالقادر شاہ،ایم ڈی واسا عامر عزیز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرزاحمد سلیم چشتی،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو،اسسٹنٹ کمشنرز،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نادیہ فاطمہ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور دیگر افسران موجود تھے۔