حب، 06 اگست (اے پی پی):صدرمملکت پاکستان آصف علی زرداری ترجمان برائے بلوچستان و مشیر صنعت حرفت میر علی حسن زہری نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے رواں مالی سال میں ایک ہزار ملین اسپیشل اکنامک زون کیلئے بجٹ میں مختص کئے ہیں،اسپیشل اکنامک زون کی 406 ایکڑ پر انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کا کام جلد شروع کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب کے دورے کے دوران اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صدر پاکستان آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان و مشیر انڈسٹریز میر علی حسن زہری کی زیر صدارت لیڈا انڈسٹری زون حب کی سیکیورٹی لااینڈ آرڈر سے متعلق اہم اجلاس میں انتظامی افسران اور ڈی آئی جی قلات رینج سہیل خالد شریک ہوئے۔ اجلاس میں بلوچستان کے صنعتی ضلع حب میں اسپیشل اکنامک زون اور انڈسٹریل زون کو سیف زون بنانے اور ڈسٹرکٹ حب سٹی کو کرائم فری زون بنانے کے حوالے سے اہم امور پر مشاورت ہوئی۔اجلاس میں صنعت کاروں اور شہریوں کے اعتماد کی بحالی کیلئے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس سہیل خالد نے بریفنگ میں بتایا کہ لیڈا انڈسٹریل زون اور آرسی ڈی شاہراہ کی سیکیوریٹی کیلئے ایم ڈی لیڈا کی معاونت سے نصب کئے گئے کیمرے آپریشنل کردیئے گئے ہیں اور تمام کیمروں کو وائرلیس سسٹم لنک کر دیا گیا ہے حب بیروٹ تھانہ میں آئی ٹی سسٹم کیمپ قائم کیا گیا ہے۔اجلاس میں صنعتی زون کے صنعتکاروں کی مشاورت سے سیکیورٹی چیک پوسٹ اور موبائلوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر میر علی حسن زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لا اینڈ آرڈر کے حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا،لااینڈآرڈر کے حوالے سے ضلعی پولیس اور تھانوں کے افسران کارکردگی دکھائیں اور کہا پولیس تھانوں میں نفری کی کمی جلد دور اور نئی بھرتیاں جلد کی جائیں گی۔
بعدازاں صوبائی مشیر صنعت وحرفت نے انڈسٹریل زون کے ایشوز کے متعلق اجلاس کی بھی صدارت کی،ایم ڈی لیڈا فرید محمد حسنی نے بریفنگ میں انہیں بتایا کہ صنعتی زون کی ضروریات کے مطابق سوئی سدرن گیس سے اضافی لائن کی منظوری حاصل کرلی گئی ہے، منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہےانہوں نے بتایا کہ ضلع حب میں حکومت بلوچستان کی صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے خصوصی توجہ کی دولت انویسٹرز لیڈا آفس کا رخ کر رہے ہیں انڈسٹریز کی ضروریات کے مطابق ملک کی معروف صنعتی فرم نے ایل پی جی پلانٹ لگانے کیلئے آمادگی ظاہر کی ہے اس سے نہ صرف سالانہ کروڑوں ریونیو ملے گا بلکہ انڈسٹریز کی ترقی کی جانب نیا سفر شروع ہو گا۔
میر علی حسن زہری نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے رواں مالی سال میں ایک ہزار ملین اسپیشل اکنامک زون کیلئے بجٹ میں مختص کئے ہیں اسپیشل اکنامک زون کی 406 ایکڑ پر انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کا کام جلد شروع کیا جائے تاکہ صنعت کار زیادہ سے زیادہ بلوچستان کا رخ کریں اور یہاں دستیاب سہولیات سے فائدہ اٹھا کر ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔