اسلام آباد،6اگست(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ آج کے پاکستان کی سب سے بڑی دولت اور طاقت نوجوان ہیں جو تقریباً 18 کروڑ اور شاید دنیا کے 200 ممالک کی آبادی سے زیادہ ہے۔ یہ نوجوان ہمارے لیے قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ یہی اس ملک کی حقیقی ترقی اور خوشحال مستقبل کے ضامن ہیں ۔
آج فیڈرل بورڈ آف ایجوکیشن کی 37ویں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جن طالبات کو اعزازات ملے ہیں یہ دراصل آپ کے لیے ایک اور امتحان ہے کیونکہ اس سے قوم کی آپ سے توقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ملت اسلامیہ کے لیے مثال بنانے اور دنیا کے لوگوں میں سر بلندی کے ساتھ چلنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے 18 کروڑ نوجوانوں میں 08 سے 09کروڑ تک، نوجوان لڑکیاں ہیں اور پڑھی لکھی لڑکیاں پورے ملک کی تقدیر کو بدل سکتی ہیں۔ جتنے طالب علم یہاں آئے ہیں، وہ اپنی صلاحیتوں سے آئے ہیں ان نوجوانوں کے سامنے آنے سے اس ترقی اور تبدیلی کے امکانات پیدا ہوں گے جس کا خواب ہم اور آپ دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین موڑ سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور جو قومیں دنیا کے ساتھ بدلنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں وہ اپنی تقدیر بدلنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین وانی نے کہا کہ قدرت نے ہمیں نوجوانوں کی صورت میں ایک بہترین اثاثہ عطا کیا ہے ان کی تربیت ، تعلیم اور حوصلہ افزائی کے ذریعے ہم اپنے ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں کسی بھی امتحان اور جدوجہد کے لیے تیار رہیں، زندگی میں آزمائش اور غلطی کا مرحلہ آئے گا لہذا آپ کو اپنی کامیابیوں سے نہیں بلکہ اپنی ناکامیوں سے سیکھنا ہوگا۔