وطن عزیزکی سلامتی کیلئے اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں ، علماء کرام کا کوئٹہ میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب

16

کوئٹہ۔ 06 اگست (اے پی پی):پاکستان کے جید علماء کرام نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو حاصل کرنے کیلئے لاکھوں انسانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، ملک میں قومی یکجہتی، وحدت، اتحاد اور پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ،علماء کرام کو محبت و احترام انسانیت کے رشتے کا پیغام دیکر تشدد سے پاک معاشرہ کیلئے کردارادا کرنا ہوگا ،بلوچستان کے عوام کی محبت اور خلوص مثالی ہے آج  علماء کرام،وطن عزیز کی سلامتی کیلئے اپنے   سکیورٹی اداروں کے ساتھ  کھڑے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار مختلف مکاتب  فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء اکرام مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد، صوبائی سیکرٹری محمد اسحاق جمالی، علامہ زبیر احمد ظہیر، مولانا محمد طیب قریشی، علامہ مفتی محمد رمضان سیالوی، مفتی گلزار احمد نعیمی، پیر علی رضا بخاری، ڈاکٹر عطاء الرحمن، مولانا انوار الحق حقانی، علامہ ہاشم موسوی، مفتی محمد یوسف کشمیری و دیگر نے  محکمہ مذہبی امور حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ میں قومی یکجہتی، بین المسالک ہم آہنگی، احترام، انسانیت، تشدد سے پاک معاشرہ اور پیغام پاکستان کا فروغ کے عنوان سے قومی علماء مشائخ و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علمائے کرام نے کہا کہ وطن عزیز کو حاصل کرنے کیلئے لاکھوں انسانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے پاکستان کو حاصل کیا ملک میں قومی یکجہتی، وحدت، اتحاد اور پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے آج وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پورے  پاکستان کے علماء کرام و مشائخ، قراء حضرات کو کوئٹہ میں اکٹھا کر کے قوم کو وحدت ومحبت کا پیغام دیا ہے۔ بلوچستان کے عوام غیور و محب وطن ہیں بلوچستان کے عوام کی محبت اور خلوص مثالی ہے۔ آج پوری قوم کے علماء کرام پاکستان کی ترقی و سلامتی کیلئے اپنی بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کانفرنس سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی و حفاظت کیلئے ہر قربانی دیکر دشمن  کے عزائم کو ناکام بنائیں گے، ہم سب پاکستانی ہیں اور اس پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں، پاکستانی عوام متحد  ہیں  اور ہمیشہ متحد رہیں گے۔اسلام کا پیغام امن محبت اور رواداری کا ہے۔ اسلام کے عظیم پیغام امن و اتحاد اور قومی یکجہتی کو ہر گھر تک پہنچائیں گے ۔ اسلام امن، اخوت، محبت رواداری، بھائی چارےاور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے ۔علماء کرام کو محبت و احترام انسانیت کے رشتے کا پیغام دیکر تشدد سے پاک معاشرہ کیلئے کردارادا کرنا ہوگا۔

ملک دشمن عناصر بدامنی پھیلارہے ہیں پاکستان امن کا نشان ہے  جو ہرحال میں قائم رہے گا ۔اجتماعیت میں اللہ  کی مدد شامل ہوتی ہے۔ حب الوطنی ایمان کا حصہ ہے۔ آزادی بڑی نعمت ہے۔ ملک کو عدم استحکام کاشکار بنانے کی  کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ مقررین نے کہا کہ  معاشرے کے ہر فرد کی مثبت تربیت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان بھائی چارے اور اخوت کا پیغام ہے۔ قران مجید پوری دنیا کےلئے رہنما کتاب ہے۔نبی کریم ﷺکی تعلیمات پرعمل کرکے یک جان بن سکتے ہیں ۔علما  محبت اور رواداری کا پیغام دیتے ہیں۔ کتاب و سنت کے پیغام کو عام کرکے ایک ہونا پڑے گا۔ملکی ترقی کے لئے   اجتماعی  سوچ اپنا نا ہو گی۔

کانفرنس سے  خطاب میں  مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے  کہا کہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور محکمہ مذہبی امورو اوقاف کا شکر یہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے آج پاکستان بھر سے علما کے ذریعے قوم کو وحدت و محبت کا پیغام دیا ہے۔وطن عزیز پاکستان کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔آج استحکام پاکستان کا نفرنس پوری پاکستانی قوم کیلئے امن ومحبت کا پیغام دے رہی ہے ۔ موجودہ حالات میں اتحاد، استحکام ، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔