اسلام آباد،6اگست(اے پی پی ):سینیٹر سید علی ظفر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کااجلاس منعقد ہوا ۔جس میں اطلاعات تک رسائی کا حق (ترمیمی) بل 2023، صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کا تحفظ (ترمیمی) بل 2022ءپر بحث کی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کمیٹی کو دونوں بلوں سے متعلق بریف کیا۔ بلوں کے حوالے سے بحث میں وزیر اطلاعات نے کمیٹی کو بتایا کہ یہ دو وزارتوں کے درمیان معاملہ ہے، جس پر عمل درآمد میں تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کمیٹی سے اس بل کے حوالے سے ٹائم لائن کا تعین کرنے کی گزارش کی جس کی قائمہ کمیٹی نے تائید کی۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب ہتک عزت قانون 2024ءبھی زیر بحث آیا جس پر وزیر اطلاعات نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا حق ہے کہ وہ اپنا قانون منظور کرے، آئین و قانون کے تحت ہم پنجاب کے قانون کو یہاں زیر بحث نہیں لا سکتے۔