محمد نواز شریف یونیورسٹی ملتان میں ‘ میک ان پاکستان’ نمائش کا انعقاد

13

ملتان، 06 اگست (اے پی پی ): محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی  ملتان میں منگل  کو   ‘ میک ان پاکستان’ نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے طلباء کےبنائے گئے سولر انورٹر، الیکٹرک بائیک، ڈراون اور نابینا افراد کے لئے الیکٹریکل وائٹ سٹک کی نمائش کی گئی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے بطور مہمان خصوصی نمائش میں شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران خان رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عاصم عمر، ڈاکٹر مہران بشیر ، دیگر فیکلٹی ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے ‘میک ان پاکستان’ نمائش کے انعقاد پر یونیورسٹی  انتظامیہ کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ مصنوعات کی تیاری میں طلباء اور فیکلٹی ممبران کا ٹیلنٹ، محنت، اور لگن شامل ہے۔ انہوں نے کہ تیارہ کردہ مصنوعات کی رجسٹریشن کرائی جائے  اور انہیں پیٹنٹ کرایا جائے تاکہ پراڈکٹ تیار کرنے والے سٹوڈنٹس کو اس کی رائلٹی ملتی رہے۔

فواد ہاشم ربانی نے بزنس کمیونٹی اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے فنڈ قائم کرنے پر زور دیا تاکہ سٹوڈنس کی ایجاد کردہ  مصنوعات کی کمرشل بنیادوں پر تیاری شروع کی جاسکے۔ انہوں  نے کہا کہ ملک کی ترقی اور  خوشحالی کے لئے سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی  انتہائی ضروری  ہے اور  ‘میک ان پاکستان’ جیسے اقدامات سے خود انحصاری اور خود کفالت کو فروغ ملےگا جبکہ سولر انورٹرز اور الیکٹرک بائیکس سے  ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے حصول میں مدد ملے گی ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کی ترقی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے اور تحقیق جیسے اقدامات  نوجوان نسل کو مستقبل کی  تیاری کے لئے مدد فراہم کرتے ہیں۔

وائس چانسلر محمد نواز شریف  یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے بتایا  کہ  الیکٹر موٹر سائیکل کی تیاری پر 1لاکھ25 ہزار روپےلاگت آئی ہے اور یہ  بے آواز ہے اور  ایک چارج میں75  کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکتی ہے جبکہ  یونیورسٹی میں تیار کردہ سولر انورٹر پر صرف 35 ہزار روپے لاگت آئی ہے جبکہ مارکیٹ میں اس طرح کے سولر انورٹر کی قیمت دو لاکھ روپے ہے۔بریفنگ میں  بتایا گیا کہ نابینا افراد کے لئے تیارہ کردہ اسٹک آواز کے ذریعے گائیڈ کرتی ہے اور راستہ بھول جانے کی صورت میں بٹن دبانے سے وائٹ اسٹک لواحقین کو میسج کے ذریعے لوکیشن بھیج دیتی ہے۔