اسلام آباد ،6 اگست (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی شائستہ خان نے کہا ہے کہ آزادی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ آزادی برقرار رکھنا اہم ہے، آزادی کی اہمیت آزادی حاصل کرنے والے جانتے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی شائستہ خان نے ”اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست 1947 کو آزادی کا جو سورج طلوع ہوا تھا، وہ آج بھی اسی آب و تاب سے چمک رہا ہے اور ہمیشہ چمکتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی شناخت ملنے کی خوشی صرف آزادی حاصل کرنے والے ہی جانتے ہیں، جو قومیں آزاد نہیں ہیں آزادی کی اہمیت ان سے پوچھیں، کشمیر جل رہا ہے، فلسطین جل رہا ہے، ان لوگوں سے پوچھیں ان کی کیا حالت ہے،اپنی ارض مقدس سے محبت کریں، اسی کی بناء پر آج ہم پاکستانی کہلاتے ہیں۔