ڈیرہ غازی خان؛ سیلابی صورتحال پر قابو پانے ، رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے ریسکیو 1122 کی طرف سے آپریشن شروع

15

ڈیرہ غازی خان،07 اگست(اے پی پی): ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے میں سیلابی صورتحال پر قابو پانے اور رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کی طرف سے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔

ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے شادن لنڈ کے  بیٹ سوئی دریائے سندھ میں طغیانی کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اورڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر انجینئر احمد کمال کی زیر نگرانی فلڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے،امدادی کارروائیوں میں 50 افراد جو کہ پانی میں پھنس گئے تھے ریسکیو 1122 کی طرف سے ان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور 618 جانوروں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر انجینئر احمد کمال نے کہا کہ موجودہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے ریسکیو 1122 کا عملہ بھرپور طریقے سے متحرک ہے اور عوام کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔