وفاقی وزیر نجکاری وسرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان سے چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کی ملاقات

18

اسلام آباد،08 اگست(اے پی پی ):  وفاقی وزیر نجکاری وسرمایہ کاری و مواصلات بورڈ عبدالعلیم خان سے چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے  جمعرات کو  یہاں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دو طرفہ مختلف امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ باہمی تعلقات کے فروغ میں چین میں پاکستانی سفارتخانہ شاندار خدمات سرانجام دے رہا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ہمارا سفارت خانہ چینی کمپنیوں کو ہر ممکن مدد دے۔عبد العلیم خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ 100سے زائد چینی کمپنیوں کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، پاک چین سرمایہ کاری کو مزید سودمند بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین سے ٹیکسٹائل، پلاسٹک، سرجیکل اور فٹ وئیر سمیت مختلف اہم شعبوں میں سرمایہ کاری ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین تعمیرات کے بڑے شعبے میں بھی “جوائنٹ وینچرز” کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چین اور پاکستانی کمپنیوں کے مابین مشترکہ سیشن سے مثبت اثرات سامنے آئیں گے، چین اور پاکستان کے مابین “بزنس ٹو بزنس” سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں سے پاکستانی اداروں اور سرکاری حکام کو ہر ممکن تعاون کرنا ہو گا،چین میں پاکستانی سفارت خانہ متحرک ہے اور کمرشل سیکشن دن رات کام کر رہا ہے۔

ملاقات میں سرمایہ کاری بورڈ اور نجکاری کے وفاقی سیکرٹری صاحبان بھی ملاقات میں موجود تھے۔