وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو سنٹر آف ایکسی لینس بنانا چاہتے ہیں، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق

4

 

لاہور۔ 17 جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف خطرناک بیماریوں کے تدارک کیلئے اقدامات اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈین پی کے ایل آئی اور ڈائریکٹر سی ڈی سی نے اس حوالہ سے بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے آئی پی ایچ میں جاری ری ویمپنگ منصوبے بارے سی اینڈ ڈبلیو کے افسران سے بریفنگ بھی لی۔

 صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو سنٹر آف ایکسی لینس بنانا چاہتے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے امور میں بہتری کیلئے آج ہم سب اکٹھے ہوئے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہمیں خطرناک بیماریوں کا مقابلہ کرنے کیلئے علاج و معالجہ سے زیادہ پری وینشن پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئی پی ایچ میں ٹیلی میڈیسن کا شعبہ بھی قائم کیا جائے گا۔ خطرناک بیماریوں کے تدارک کیلئے تیکنیکی معاونت کیلئے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ آئی پی ایچ میں جاری تکنیکی کورسز کے نصاب میں بہتری لائیں گے۔

 انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔