وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ میں زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے پر عزم ہیں: وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب

4

لاہور،17 جنوری(اے پی پی): وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس میں وزیراعلیٰ پنجاب کسان پیکج کے منصوبوں اور کپاس کی کاشت بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔

وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ میں زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے پر عزم ہیں۔

صوبہ میں 5 ایکڑ اور اس سے زائد ملکیتی رقبہ کے کسانوں کو،65، 75اور 85 ہارس پاور کے ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ صوبہ میں تین سالوں کے دوران60 ارب روپے کی لاگت سے کاشتکاروں کو زرعی آلات و جدید مشینری کرایہ پر فراہم کی جائے گی۔  سروس پروائیڈرز کے ذریعے کاشتکاروں کو گندم کے جدید ہارویسٹرز، رائس ہارویسٹرز و دیگر اقسام کی مشینری کاشتکاروں کو کرایہ پر فراہم کی جائے گی۔

 سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ 13 اقسام کی جدید زرعی مشینری کاشتکاروں کو  کرایہ پرفراہم کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ  جدید زرعی مشینری کی خریداری کیلئے سروس پروائیڈرز کو 5 کروڑ 50لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت لمز کے تعاون سے زرعی مشینری کرایہ پر فراہم کی جائے گی۔

  سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ ضلع ساہیوال میں ماڈل ایگری مالز کے قیام۔کا 75 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔  سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں ماڈل ایگری مالز کے قیام  کیلئے  ٹائم لائنز کے مطابق پیش رفت جاری ہے۔

وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اب تک 5 لاکھ 23 ہزار کسان کارڈزکے اجراء کی منظوری ہوچکی ہے جبکہ 4 لاکھ61 ہزار کسان کارڈز کاشتکاروں کو ڈلیور ہو چکے ہیں۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کیلئے53.5ارب روپے کی منظوری ہوچکی ہے۔  کسان کارڈ کے ذریعے صوبہ میں اب تک 33ارب روپے کی خریداری ہو چکی ہے۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ اب تک5608  گرین ٹریکٹرز کاشتکاروں کو فراہم کئے جا چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سولرائزیشن آف زرعی ٹیوب ویلز پروگرام کے تحت 5 لاکھ 33 ہزار سے زائد درخواستوں کی وصولی ہو چکی۔

 صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سولرائزیشن آف زرعی ٹیوب ویلز پروگرام کے تحت رواں ماہ کے دوران قرعہ اندازی کی جائے گی۔ جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں کپاس کی اگیتی کاشت کے فروغ کیلئے ترجیحاً اقدامات کئے جائیں گے۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے ایگرو ایکالوجیکل زوننگ پر عملدرآمد کیا جائے گا۔