ٹینس کورٹ سے پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری،پاکستان کے شایان آفریدی نے آئی ٹی ایف ایشیا 14 اور انڈر ڈویلپمنٹ چیمپئن شپ 2025 جیت  لی

4

اسلام آباد،17 جنوری(اے پی پی ):  ٹینس کورٹ سے پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری،پاکستان کے شایان آفریدی نے آئی ٹی ایف ایشیا 14 اور انڈر ڈویلپمنٹ چیمپئن شپ 2025 جیت کر پاکستان کا نام روشن کردیا

پاکستان کے شایان آفریدی نے کولمبو، سری لنکا میں منعقدہ آئی ٹی ایف ایشیا 14 اور انڈر ڈویلپمنٹ چیمپئن شپ 2025 ویک-1 ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ برائے ساؤتھ ایسٹ اینڈ ایسٹ ایشیاء میں فتح حاصل کی۔

فائنل میں، شایان نے ٹورنامنٹ کے سیکنڈ سیڈ، سنگاپور کے پاک نکولس منگ این کو 6-3، 6-7(3) 6-4 کے اسکور کے ساتھ شکست دے کر ویک-1 کے لیے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد یاسر پیرزادہ نے شایان کو اس کی غیر معمولی کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا، “شایان کی جیت پاکستان میں کھیلوں کے روشن مستقبل کا منہ بولتا ثبوت ہے۔”

پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) کے صدر  اعصام الحق قریشی نے پاکستان 14 اور انڈر ٹیم کے سری لنکا کے دورے میں سہولت فراہم کرنے پر یاسر پیرزادہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شایان آفریدی کو اس ناقابل یقین کامیابی پر دلی مبارکباد بھی پیش کی اور اسے پاکستان میں ٹینس کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا.

ٹورنامنٹ کے اضافی نتائج میں راشد علی نے لڑکوں  میں 32 شرکاء میں سے 12 ویں پوزیشن حاصل کی۔ لڑکیوں کی کیٹیگری میں بسمل ضیاء اور ہاجرہ سہیل نے قابل ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 کھلاڑیوں میں سے بالترتیب 6ویں اور 7ویں پوزیشن حاصل کی۔