اسلام آباد،21جنوری(اے پی پی ):وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار نے خواتین کی جائیداد کے حقوق کے قانون 2020 کے نفاذ پر تبادلہ خیال کے لیے صوبائی محتسبین کے ساتھ ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا، جس میں صوبائی محتسبین نے شرکت کی تاکہ موجودہ قوانین، چیلنجز اور خواتین کے جائیداد کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی پر بات کی جا سکے۔
اجلاس میں خواتین کی جائیداد کے حقوق کے قانون 2020 کے نفاذ پر توجہ مرکوز کی گئی، جس میں عملدرآمد میں موجود خامیوں کی نشاندہی، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور قانون کے مؤثر نفاذ کیلئے حکمت عملی ترتیب دی گئی اور صوبوں میں پراپرٹی رائٹس کے قوانین پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
شرکاء نے اپنے علاقائی تجربات بتائے اور خواتین کے جائیداد کے حقوق کے تحفظ میں درپیش عام رکاوٹوں پر روشنی ڈالی، جن میں قانونی تاخیر، سماجی مزاحمت اور آگاہی کی کمی شامل ہیں۔
فوزیہ وقار نے خواتین کے حقوق کے تحفظ میں صوبائی محتسبین اور علاقائی مشیروں کے اہم کردار پر زور دیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون اور معلومات کے تبادلے کو بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔