اسلام آباد،07 فروری(اے پی پی ): وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چینی کی موجودہ پیداوار، ضرورت اور قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ چینی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ پالیسی بنائی جائے گی۔ نئی پالیسی کی تیاری کے دوران صوبائی حکومتوں کو بھی آن بورڈ لیا جائے گا تاکہ تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ہوں۔
شوگر ایڈوائزری بورڈ نے رمضان المبارک کے دوران چینی کی قیمتوں کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ اجلاس پیر کو طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر چینی کی قیمتیں مناسب سطح پر رکھنے کے لیے اقدامات کرے گی۔
رانا تنویر حسین نے یقین دہانی کرائی کہ چینی کی مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور قیمتوں میں اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اعلامیہ کے مطابق اس وقت مارکیٹ میں چینی مناسب قیمت پر دستیاب ہے اور رمضان المبارک کے دوران بھی اس کی سپلائی یقینی بنائی جائے گی۔