اسلام آباد، 12 فروری (اے پی پی): چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام، رانا مشہود احمد خان نے پنجاب یونیورسٹی کیرئیر کاؤنسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سینٹر کے زیرِ اہتمام منعقدہ جاب فیئر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کے ہمراہ مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور طلبہ کے لیے فراہم کردہ روزگار کے مواقع کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مؤثر مواقع فراہم کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ اس طرز کے جاب فیئرز تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں،جس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور عملی میدان میں آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق، ہنر مند اور تعلیم یافتہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے یوتھ لون اسکیم، اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام اور دیگر منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔