اسلام آباد، 18 فروری (اے پی پی): قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے وفد نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جس کا مقصد ادارے کے شکایات کے ازاے کے لیے طریقہ کار،اختیارات اور انتظامی بدعنوانیوں کو دور کرنے کے لیے رسمی و غیر رسمی نظام کو سمجھنا تھا۔
سیکرٹری وفاقی محتسب سکرٹریٹ، سید آصف شاہ نے وفد کو بتایا کہ بغیر کسی خرچ اور وکیل کے وفاقی محتسب،اداروں میں ہونے والی بدعنوانیوں کو 60 دن میں نمٹاتا ہے،سال 2024 میں 226،373 شکایات وصول ہوئیں جن میں سے 223،198شکایات کا فیصلہ کیا گیا۔
سیدآصف شاہ نے مزید بتایا کہ شکایت کنندہ مختلف شہروں میں واقع محتسب کے دفاتر کے علاوہ آن لائن شکایت بھی جمع کروا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تنازعات کو نمٹانے کے لیے غیر رسمی پروگرام آؤٹ ریچ کمپلینٹ ریزولوشن اور کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔