موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان مختلف اقدامات کر رہی ہے، احسن اقبال

0

اسلام آباد،07 فروری(اے پی پی ):  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، احسن اقبال نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبہ بندی ڈویژن میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر کام کر رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے اور ان سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر فنڈز کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کلائمیٹ چینج اتھارٹی بھی قائم کر رہی ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق مختلف علاقائی اور عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی  جبکہ یہ اتھارٹی صوبوں، عالمی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ قریبی تعاون میں کام کرے گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اور اس ضمن میں صوبوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ حکومت صوبائی سطح پر موسمیاتی پالیسی کے نفاذ میں معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ ان خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیرس معاہدے کا حصہ ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو بھی اہمیت دے رہا ہے۔ احسن اقبال نے واضح کیا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات لاحق ہیں، اور حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔