فیصل آباد، 18 فروری (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز اور ولنٹیئرفورس پاکستان کے باہمی اشتراک سے فیوچریوتھ لیڈرز انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی رانا مشہود احمد خان چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور اس کے مؤثر استعمال کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ محنت اور لگن ہی کامیابی کی ضمانت ہے اور نوجوان نسل کو اپنی توانائیاں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں صرف کرنی چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے تعلیمی میدان میں نمایاں اقدامات کیے ہیں، جن میں زیورتعلیم پروگرام، لیپ ٹاپ اسکیم، اسکالرشپ اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ایک لڑکی تعلیم حاصل کرتی ہے تو وہ ایک پوری نسل کی آبیاری کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں وومن یونیورسٹیز کے قیام پر خصوصی توجہ دی گئی۔
رانا مشہود احمد خان نے اس موقع پر انٹرنیشنل گرلز ایجوکیشن کانفرنس کا بھی ذکر کیاجس میں 41 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی اور پاکستان کی تعلیمی پالیسیوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں ٹیکنیکل ایجوکیشن، آئی ٹی، اسٹیم اور ہاسپٹیلٹی جیسے شعبوں میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ کووڈ کے بعد فری لانسنگ اور ڈیجیٹل مارکیٹ کے مواقع بڑھ گئے ہیں اور پاکستان دنیا میں فری لانسنگ کے میدان میں چوتھے نمبر پر آ چکا ہے۔ اس کامیابی کا سہرا ان تعلیمی اصلاحات کو جاتا ہے جو 2016 میں شروع کی گئیں۔
رانا مشہود احمد خان نے طلبہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے پورٹل سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی تاکہ وہ تعلیمی و معاشی میدان میں ترقی کر سکیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھیں اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہوگا اور ہر طرح کے منفی پراپیگنڈے سے بچنا ہوگا جو نوجوانوں کو مایوسی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کرتا ہے۔
انہوں نے آخر میں طالبات کو یقین دلایا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرتی رہے گی اور ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے تعلیمی ترقی اور طلبہ کی مہارتوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں درپیش چیلنجز کے پیش نظر ہنر مندی، سوشل اسکلز اور اخلاقی مضبوطی بے حد ضروری ہیں۔
ڈاکٹر کنول امین کا کہنا تھا کہ کامیابی محض قسمت سے نہیں بلکہ خود محنت کرکے حاصل کی جاتی ہے اور یونیورسٹی اس حوالے سے طالبات کی مکمل رہنمائی کر رہی ہے۔
فیض اللہ فراک ترجمان گلگت بلتستان نے کہا کہ پاکستان ایک نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا اور ہمیں اس نظریہ سے جڑے رہنے کی ضرورت ہے۔ آج کے نوجوان اخلاقی بحران کا شکار ہو رہے ہیں جس سے نکلنا ضروری ہے۔ ملک کے استحکام اور ترقی کے لیے مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
کاشف رندھاوا ،پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اکرم،ڈاکٹر نوشین سید،اسفند یار ولی اور عثمان رضا جولاہا نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب میں بڑے پیمانے پر طالبات، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے ممبران نے شرکت کی۔