پاکستان مملکت بحرین کے ساتھ اپنے دیرینہ و برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے : قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان

4

اسلام آباد،18فروری(اے پی پی):قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے بحرین کے کونسل برائے نمائندگان کے اسپیکر احمد بن سلمان المسلم کی قیادت میں وفد نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔

قائم مقام چیئرمین سینٹ نے وفد کو پارلیمنٹ ہاﺅس آمد پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کے علاوہ اقتصادی، دفاعی اور بین الپارلیمانی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے سلطنت بحرین کے بادشاہ، شاہ حمد بن عیسیٰ ال خلیفہ کی قیادت کی سلور جوبلی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ قیادت مملکت بحرین کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

 قائمقام چیئرمین سینیٹ نے شاہ بحرین کے دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار بھی کیاجبکہ بحرین کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن حمد ال خلیفہ کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔سیدال خان نے بحرین کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی سزاﺅں کو معاف کرنے اور ان کی وطن واپسی پر بحرین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے انتخابات 2025-26 کے لئے پاکستان کی حمایت پر بحرین کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

سیدال خان نے کہا کہ پاکستان مملکت بحرین کے ساتھ اپنے مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات، مذہب، ثقافت ، روایات اور ہم آہنگی کی بنیاد پر قائم ہیں۔ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے حوالے سے مملکت بحرین کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سیدال خان نے قابل تحسین قرار دیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پاکستان اور بحرین کی پارلیمانوں میں قائم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارلیمان سے پارلیمان کی سطح پر تعلقات مزید مستحکم ہونے چاہیں۔ دونوں رہنماﺅں نے مختلف بین الاقوامی فورمز پر باہمی رابطہ و تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور بحرین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔قائمقام چیئرمین سینیٹ نے بحرینی سرمایہ کاروں کو کارپوریٹ فارمنگ، مویشیوں کی افزائش، دودھ کی پیداوار، تعمیرات، کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ پاکستان نے ایک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ایس آئی ایف سی کا قیام عمل میں لایا ہے جس کا مقصد جی سی سی ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے بحرین میں پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین دفاعی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔مشترکہ فوجی مشقیں ، اعلیٰ سطحی فوجی تبادلے اور دیگر مشترکہ دفاعی تقریبات میں دونوں ممالک کی شرکت ہماری افواج کے درمیان اعتماد کی عکاس ہے ۔ پاکستان عالمی معیار کا دفاعی سامان تیار کرتا ہے جس میں فوجی یونیفارم سے لے کر جنگی طیارے اور ٹینک شامل ہیں ۔ پاکستان بحرین کے دفاع کے شعبے کو مزید مستحکم بنانے کے لئے معاونت فراہم کرنے کو تیار ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انسانی وسائل، لاجسٹکس اور ساز و سامان کے شعبوں میں مکمل معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

سیدال خان نے بحرین کے اسپیکر اور ان کے وفد کے دورہ پاکستان کو باہمی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کے اعلیٰ سطحی تبادلوں کے تسلسل کی امید کا اظہار کیا۔

ایوان بالاکا دورہ کرنے والے بحرین کے وفد کو قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی جانب سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ظہرانہ دیا گیا جس میں خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے مابین دوستی ، معاشی ، اقتصادی ، دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تعاون کے مزید مواقع تلاش کریں ۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرکایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی بین الاقوامی فورمز پر حمایت کی ہے ۔

 بحرین کے کونسل برائے نمائندگان کے اسپیکر احمد بن سلمان المسلم نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی ، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک ہے ۔ پاکستان کے دفاعی ، زرعی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھر پور استفادہ کیا جائے گا۔

 انہوں نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کو بحرین کے دورے کی دعوت بھی دی ۔