ملتان،20فروری(اے پی پی ):محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے زیر اہتمام ادبی سوسائٹی نے سیمینار کا انعقاد کیا، جس میں معروف ڈرامہ نگار اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر اصغر ندیم سید نے خطاب کیا۔
اپنے خطاب کے دوران پروفیسر ڈاکٹر اصغر ندیم سید نے شاعروں، ادیبوں، اور مفکروں کے اُس عظیم کارنامے کو سراہا جو انھوں نے اپنی تخلیقات کے ذریعے فطرت کے مشاہدات کو آگہی کا حصہ بنانے میں ادا کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ادب کا کردار ہمیشہ سے انسان اور کائنات کے درمیان ایک پُل کا رہا ہے۔ زرعی جامعہ کے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ ایک ایسے مضمون کے طلبہ ہیں جو کسی حد بندی کو نہیں جانتا، یہ وہ علم ہے جو زندگی کے ہر پہلو کو سمیٹتا ہے۔ ان کے یہ الفاظ سامعین کے دلوں میں ادب اور زراعت کے گہرے رشتے کی حیثیت سے اُتر گئے، جس نے تعلیم اور تحقیق کے لیے ایک ہمہ جہت نظریہ جنم دیا۔
اس موقع پر جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا اور ادب و ڈرامہ نگاری کے میدان میں ان کے انمٹ خدمات کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر اصغر ندیم سید جیسے قلمکار نہ صرف ادب کے دھارے کو توانائی بخشتے ہیں بلکہ نئی نسل کے ذہنوں کو شعور کی کرنوں سے منور کرتے ہیں۔ تقریب میں ڈینز، ڈائریکٹرز، اور پرنسپل افسران سمیت جامعہ کی تمام اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔