حکومت رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں چینی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پرعزم

1

اسلام آباد، 21 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چینی کی بلاتعطل فراہمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ہدایت دی گئی کہ وہ میونسپل سطح پر چینی کے سٹالز لگانے کے اقدامات کریں تاکہ عوام کو سستی اور آسانی سے دستیاب چینی فراہم کی جا سکے۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق سندھ میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے 230 شوگر اسٹالز قائم کیے جائیں گے، جبکہ خیبرپختونخوا میں 405 سیلنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔

اسی طرح، پنجاب اور بلوچستان میں بھی سینکڑوں چینی کے سٹالز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

 اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ صوبائی حکومتوں کو میونسپل سطح پر سٹالز کی سیکیورٹی، صفائی اور ہجوم کے انتظام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اعلان کیا کہ 27 رمضان تک چینی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی ممکنہ مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل سطح پر سٹالز قائم کرنے کا مقصد عام لوگوں کو براہ راست فائدہ پہنچانا ہے۔

رانا تنویر حسین نے پی ایس ایم اے اور صوبائی حکومتوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ غریب عوام تک چینی کی رسائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان سٹالز پر چینی 130 روپے فی کلو کے نرخ پر فروخت کی جائے گی تاکہ عوام کو مہنگائی سے کچھ ریلیف مل سکے۔