مراکش، 21 فروری(اے پی پی): مراکش میں جاری گلوبل منسٹریل کانفرنس کے دوران پاکستان کے وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے مختلف ممالک کے وزراء سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں تجارتی و اقتصادی تعلقات، سفارتی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے فلسطین کے وزیر ٹرانسپورٹ طارق حسینی زاراب سے خصوصی ملاقات کی، جس میں پاکستان کی فلسطین کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔
فلسطینی وزیر ٹرانسپورٹ طارق حسینی زاراب نے پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
کانفرنس کے دوران عمان کے ڈپٹی منسٹر بریگیڈیئر جنرل علی الفلاحی، مالدیپ کے وزیر مواصلات، اور بنگلہ دیش کے وزیر صنعت عادل الرحمن خان نے بھی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ غیر ملکی وزراء نے پاکستان میں تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
گلوبل منسٹریل کانفرنس میں شریک وزراء نے باہمی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ سفارتی تعلقات اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایسی کانفرنسیں نہایت اہم ہیں۔