سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے 15 رکنی وفد سے ملاقات

2

لاہور، 21 فروری(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے 15رکنی وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں، مالیاتی اصلاحات اور عوامی بہبود کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ورلڈ بینک وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پنجاب میں جاری اصلاحاتی پالیسیوں پر بریفنگ دی۔انہوں نے پنشن اصلاحات، ای پروکیورمنٹ، ای ٹینڈرنگ اور پیپر لیس رجیم کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں اور ریونیو جنریشن کیلئے کیے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

ورلڈ بینک کے وفد کو انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن اور فنانشل مینجمنٹ کے حوالے سے دستاویزی بریفنگ بھی دی گئی۔ورلڈ بینک کے شرکاء نے پنجاب حکومت کی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں تمام شعبوں میں نمایاں ترقی دیکھنے میں آ رہی ہے۔وفد نے محروم معیشت طبقات کے لیے حکومت پنجاب کے پروگرامز کو قابلِ تحسین قرار دیا اور ترقی و خوشحالی کے لیے اشتراک کار کی ضرورت پر زور دیا۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ہر فرد کی داد رسی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہیں اور تعلیم و صحت کی معیاری سہولتوں تک عوام کی رسائی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر کے بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال تعمیر ہو رہا ہے۔سرگودھا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ 30 ہزار ذہین لیکن نادار طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کیے جا چکے ہیں، جن کی تعداد بڑھا کر 50 ہزار کر دی گئی ہے۔پنجاب کے شہروں میں جدید ماس ٹرانزٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ لاہور میں مکمل الیکٹرک بس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید 500 الیکٹرک بسیں جلد متعارف کروائی جائیں گی۔700 سے زائد رابطہ سڑکوں کی اپ گریڈیشن تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ پنجاب کو مکمل طور پر پلاسٹک فری بنانے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وائلڈ لائف کی اصل تعداد معلوم کرنے کے لیے تاریخ میں پہلی مرتبہ سروے کرایا جا رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے جامع کلائمیٹ پالیسی بھی متعارف کرائی گئی ہے۔اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت 10 ہزار گھر زیر تعمیر ہیں، جبکہ دھی رانی پروگرام کے تحت نادار جوڑوں کی شادیاں کروائی جا رہی ہیں۔

ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈور ٹو ڈور کچرا اٹھانے کا عمل جاری ہے، جبکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی بلا تعطل جاری ہے۔ خواتین کے تحفظ کے لیے پینک بٹن اور ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کر دیے گئے ہیں، جبکہ انسداد دہشت گردی کے اقدامات کو مزید جدید بنایا جا رہا ہے۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ہر ترقیاتی منصوبے میں 100 فیصد شفافیت کو یقینی بنا رہی ہیں اور پنجاب سوشواکنامک رجسٹری کے تحت پالیسی سازی کے لیے ریئل ٹائم ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔

رمضان پیکیج کے تحت گزشتہ سال فوڈ ہمپرز فراہم کیے گئے تھے، جبکہ اس سال ایک لاکھ خاندانوں کو 10,000 روپے دیئے جا رہے ہیں۔

ورلڈ بینک کے وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کی متحرک قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جس غیر معمولی رفتار سے ترقی ہو رہی ہے، وہ متاثر کن ہے۔ وفد نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور قانون سازی کے ذریعے اہداف کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس ملاقات کو ایک مثبت تجربہ قرار دیا۔